پاکستان جانے پر کوئی خوف نہیں، کپتان بنگلادیشی وومن ٹیم سلمہ خاتون

Salma

Salma

ڈھاکا (جیوڈیسک) بنگلہ دیشی ویمنز کرکٹرز نے سیکیورٹی یقین دہانی ملنے کے بعد دورئہ پاکستان میں بہترین کرکٹ کھیلنے پر نظریں مرکوز کرلیں۔

بنگلہ دیشی کپتان سلمہ خاتون نے غیرملکی خبررساں ایجنسی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ ہم کراچی میں شیڈول اپنے ٹور کے تمام میچز میں تمام خدشات کو بھلاکر شائقین کو اچھی کرکٹ فراہم کریں گے، مقابلوں کا آغاز بدھ کو شیڈول پہلے ٹوئنٹی 20 میچ سے ہوگا، سلمہ خاتون نے کہا کہ پاکستان جانے پر ہمیں کوئی دباؤ نہیں ہے ہم سب اپنی مرضی سے وہاں جانے کو تیار ہیں۔

2014 میں ایشین گیمز کے بعد ہمیں کسی بھی طرز کے میچز کھیلنے کا موقع میسر نہیں آیا ہے لہذا ہم اس دورے میں ملنے والی مسابقتی کرکٹ کو اپنے لیے بہترین خیال کرتے ہیں، سیکیورٹی خدشات کے سوالات پر انھوں نے کہا کہ قدرتی طور پر ہمارے والدین کو وہاں کا دورے کرنے پر کچھ تشویش تھی ، ہم نے انھیں بات کرکے قائل کرلیا، ہمارا وہاں جانا رسکی نہیں کیونکہ اس طرح کی چیزیں پاکستان ہی نہیں دنیا کے کسی بھی کونے میں ہوسکتی ہیں، رواں برس مئی، جون میں زمبابوے کی ٹیم بھی پاکستان کا کامیاب دورہ کرچکی ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی وفد نے پاکستان میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا تھا، اس کے بعد بی سی بی نے ویمنز ٹیم کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، بنگلہ ویمنزٹیم کے منیجر شفیق الحق نے کہا کہ ہم سے وعدہ کیاگیا ہے کہ ہماری ٹیم کو پاکستان میں وی وی آئی پی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، جو عمومی طور پر کسی ملک کے صدر یا وزیراعظم کو ملتی ہے، بنگلہ ٹیم تمام میچز کراچی کے ساؤتھ اینڈ کلب میں کھیلے گی۔

جس میں بدھ 30 ستمبر کو پہلاجبکہ 2 اکتوبر کو دوسرا ٹوئنٹی 20 میچ شیڈول ہے، اس کے بعد دو ون ڈے میچز اسی مقام پر بالترتیب 4 اور6 اکتوبر کوہوں گے، اس سے قبل دورے کے لیے بنگلہ دیشی بورڈ نے ویمنز ٹیم کا اعلان کیا ، 15 رکنی اسکواڈ میں شامل پلیئرز کے نام یہ ہیں۔ سلمہ خاتون (کپتان )، جہاں آرا عالم، فرزانہ حق پنکی، رومانہ احمد، لتا مونڈل، عائشہ رحمان شوکترا، پناگھوش، شرمین اختر شوپتا، فہیمہ خاتون، شمیمہ سلطانہ، ریتو مونی، نگار سلطانہ، خدیجتہ الکبریٰ، شرمین سلطانہ، ناہیدہ اختر،جبکہ اسٹینڈ بائی پلیئرز میں سنجیدہ اسلام اور سومانہ اخترکو رکھا گیا ہے۔