آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ اے کے ایف سی کوئٹہ اور چاند ایف سی کوئٹہ کا مقابلہ برابر

Football Tournament

Football Tournament

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کالونی اسپورٹس فٹ بال کلب کے زیر اہتمام نیشنل بنک آف پاکستان کے تعاون سے کالونی اسپورٹس کمپلیکس ملیر پر جاری آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ کے چوتھے لیگ رائونڈ میچ میں اے کے فٹ بال کلب کوئٹہ اور چاند فٹ بال کلب کوئٹہ کا مقابلہ کھیل کے مقررہ وقت تک بغیر کسی گول کے برا بر رہا کوئی بھی ٹیم ایک دوسرے پر برتری حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

پورے کھیل میں دونوں ٹیموں نے انتہائی مایوس کن کھیل کا مظاہرہ کیا اور خاص موومنٹ نہ بناسکیں البتہ چاند فٹ بال کلب کوئٹہ نے گول کرنے کے دو مواقع ضائع کردیئے ۔میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی صدر ہزارہ گرین فٹ بال کلب احمد رضا،ذاکر حسین اور منظور حسین کا دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔

اس موقع پرٹورنامنٹ آرگنائزر ضمیر السلام ،سابقہ انٹرنیشنل فٹ بالر کے پی ٹی اقبال رضا ،امیر محمد خان ،ایم خالد نیشنل بنک ،محمد مناف ،عابد بھائی ،و دیگر موجود تھے ۔ٹورنامنٹ کا پہلا کوارٹر فائنل آج مدہو محمڈن اور میزبان نیشنل بنک جبکہ دوسرا کوارٹر فائنل یکم فروری بروز پیر خیبر پختونخواہ پولیس اور سابقہ چمپئن پی آئی اے کے مابین کھیلا جائیگا۔

کھیلے گئے میچ میں ریفریز کے فرائض جہانگیر خان ،انیس اختر بلوچ ،عبدالغفور جونیئر اور شوکت حسین نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر حاجی امیر محمد خان اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے۔