پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ کے پی ٹی کو شکست دیکر پی آئی اے نے افتتاحی میچ اپنے نام کرلیا

Football

Football

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کالونی اسپورٹس فٹ بال کلب ملیر سعود آباد کے زیر اہتمام نیشنل بنک آف پاکستان کے تعاون سے “آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ “کے افتتاحی میچ میں پاکستان انٹرنیشنل ائر لائنز (PIA)فٹ بال کی ٹیم نے کراچی پورٹ ٹرسٹ (KPT)فٹ بال ٹیم کو 2-1سے شکست دیکر افتتاحی معرکہ اپنے نام کرلیا۔

کھیل کا آغاز انتہائی تیز رفتاری سے ہوا اور وقفے وقفے سے پی آئی اے نے کے پی ٹی کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے جاری رکھے جس کے نتیجے میں کھیل کے 10ویں منٹ میں پی آئی اے کی جانب سے اشتیاق نے خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جبکہ کھیل کے 20ویں منٹ میں زیشان نے مزید ایک گول کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردیا کے پی ٹی کے کھلاڑیوں نے بھر پور جدو جہد جاری رکھتے ہوئے کئی موومنٹ بنائے لیکن کامیاب نہ ہوسکے۔

کھیل کے دوسرے ہاف کے 50ویں منٹ میں کے پی ٹی کے ذاہد نے گول کرکے اپنی ٹیم کے خسارے میں کمی کی پی آئی اے کے گول کیپر کے عمدہ کھیل کی بدولت کے پی ٹی مزید گول کرنے میں ناکام رہی کھیل کے اختتام پر پی آئی کی ٹیم 2-1کے اسکور کے ساتھ میدان سے باہر آئی ۔قبل ازایں مہمان خصوصی سیکریٹری سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن رحیم بخش بلوچ نے فٹ بال کو کک لگا کر ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ملیر فتح محمد بلوچ ،سیکریٹری شاہد تاج ،سیکریٹری ڈی ایف اے ایسٹ عبید اللہ خان ،ٹورنامنٹ آرگنائزر ضمیر السلام ،ٹورنامنٹ چیئر مین گلزار احمد خان ،نیشنل بنک کے اسپانسر انور فاروقی ،کوچ نیشنل بنک فٹ بال ٹیم غلام شبیر ،کے الیکٹرک فٹ بال ٹیم کے کوچ اکبر بلوچ ،پاکستان اسٹیل ملز فٹ بال ٹیم کے کوچ احمد علی واسطی ،سندھ ریفریز ایسوسی ایشن کے ترجمان کریم بخش چانڈیو،امیر محمد خان ،عابد رفیق بلوچ ،ایم اے خالد اور دیگر فٹ بال سے وابستہ شخصیات بھی موجود تھیں۔

ٹورنامنٹ میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل کے اعلامیہ کے مطابق ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز 8جنوری 2016ء سے ہوگا اس میچ کو نیشنل فٹ بال ریفریز سراج الدین طالب ،جمیل ،جاوید بنگش ،نصیر عمر بلوچ نے انجام دیا جبکہ میچ کمشنر نسیم احمد اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے۔