پاکستان سے غیرملکی دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کر دیا ہے، ممنون حسین

Mamnoon Hussain And Xi Jinping

Mamnoon Hussain And Xi Jinping

بیجنگ (جیوڈیسک) صدر ممنون حسین نے چین کے صدر کو کہا ہے کہ پاک فوج نے اپنی سرحدوں میں موجود ایغور دہشت گرد گروپ ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ کے تمام ارکان کو ختم کردیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بیجنگ میں صدر ممنون حسین نے چین کے ہم منصب ژی جن پنگ سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے، یہ آپریشن ملک میں موجود غیر ملکی دہشت گرد تنظیم ’’ایسٹرن ترکستان اسلامک موومنٹ‘‘ کے خلاف بھی کافی موثر ثابت ہوا ہے۔ پاکستان سے ’’ایسٹرن ترکستان اسلامک موومنٹ‘‘ کا صفایا کردیا گیا ہے، اگر اس گروپ کے لوگ موجود بھی ہیں تو ان کی تعداد انتہائی کم ہے۔

صدر ممنون حسین سے ملاقات کے دوران چین کے صدر ژی جن پنگ نے کہا کہ پاکستان کی قومی سلامتی کے تحفظ کے لئے چین اپنی بھر پور حمایت جاری رکھے گا۔ دوسری جانب سرکاری نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ چین کے ہم منصب ژی جن پنگ سے ملاقات کے دوران صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے، پاکستان اور چین کے درمیان خوش گوار اور آزمودہ دوستی ہے۔

پاکستان میں چینی باشندوں کا تحفظ ہرقیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے پاک چین اقتصادی راہداری کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ چین کے مسلم اکثریتی صوبے سنکیانگ میں کئی برسوں سے علیحدگی پسندوں کی جانب سے پرتشدد کارروائیاں جاری ہیں، چین کا موقف ہے کہ ان کارروائیوں میں دہشتگرد تنظیم ’’ایسٹرن ترکستان اسلامک موومنٹ‘‘ ہے جس کے ٹھکانے پاکستان کے قبائلی علاقوں اور افغانستان میں ہیں۔