پاکستان 216 پر آؤٹ، بابر اعظم کے شاندار 90 رنز

Babar Azam

Babar Azam

ہیلمٹن (جیوڈیسک) ہملٹن ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 216 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، بابر اعظم نے 90 رنز بنائے، یوں نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز میں 55 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے، ٹم ساؤتھی نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔

سیڈن پارک، ہملٹن میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے آج 76 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی نامکمل اننگزکا آغاز کیا، بابر اعظم نے 34 اور سرفراز احمد نے 9 رنز کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا،سرفراز احمد 41رنز بناکر ویگنرکا شکاربنے۔بابراعظم اور سرفراز احمد نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 74 رنز بنائے ،اس دوران بابر اعظم نے شاندار نصف سنچری مکمل کی۔

اس کے بعد بابر اعظم اور سہیل خان نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 67رنز بناکر کیویز کی برتری کو مزید کم کردیا، اس موقع پر سہیل خان 37 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، وہاب ریاض بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئےجبکہ محمد عامر 5 اور عمران خان 6رنز بناسکے،بابر اعظم نے شاندار 90 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

یوں پاکستان کی پوری ٹیم 216 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں 55 رنز کی برتری حاصل کرلی۔نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹم ساؤتھی نے 6، ویگنر نے تین اور گرینڈہوم نے ایک وکٹ حاصل کی۔

دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل ہے۔ کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں کیویز نے پاکستان کو 8وکٹوں سے شکست دی تھی۔