پاکستان مخالف سرگرمیاں، امریکی این جی او سیو دی چلڈرن کا دفتر سیل

Save the Children

Save the Children

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت داخلہ نے امریکی غیر سرکاری تنظیم ” سیو دی چلڈرن ” کو اسلام آباد سمیت ملک بھر میں دفاتر اور آپریشنز بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بچوں کے حقوق کے لئے کام کرنے والی امریکی این جی او پر پاکستان مخالف سرگرمیوں کا الزام ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹس میں ” سیو دی چلڈرن ” کے تمام ملازمین کو فارغ کر کے غیر ملکی اسٹاف کو پندرہ روز میں پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اسلام آباد کے اسسٹنٹ کمشنر سٹی کامران چیمہ نے وزارت داخلہ کا تحریری نوٹس این جی او کے حکام کے حوالے کیا۔

تنظیم کا اسلام آباد آفس بھی سیل کر دیا گیا۔ وزارت داخلہ نے پنجاب ، سندھ ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان حکومتوں کو بھی سیو دی چلڈرن کے دفاتر اور آپریشنز فوری بند کرانے کے لئے مراسلے جاری کر دئیے ہیں۔