پاکستان کی بھارت کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش

Abdul Basit

Abdul Basit

دہلی (جیوڈیسک) پاکستان نے بھارت کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیش کش کردی، بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں متعین پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کہتے ہیں کہ دسمبر میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے موقع پر بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں، جو اگلے ہفتے امرتسر میں شروع ہورہی ہے۔

بھارتی چینل کو انٹرویو میں عبد الباسط کا کہنا تھا کہ بھارت کے دورے کے دوران سرتاج عزیز کے شیڈول میں بھارت سے مذاکرات شامل نہیں لیکن اگر میزبان ملک پیشکش کرتا ہے تو پاکستان اس پیشکش کو قبول کر لے گا۔

انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازع ہے،کبھی نہیں کہا کہ پاکستان صرف مقبوضہ کشمیر پر بات کرنا چاہتا ہے،مذاکرات برسوں مؤخر ہوسکتے ہیں لیکن آخر کار حل بات چیت سے ہی نکلےگا، پاکستان اور بھارت کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مل کر بیٹھنا چاہیے۔

عبدالباسط کا یہ بھی کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان رکے ہوئے مذاکرات کا عمل بحال ہونا چاہیے، جنہیں کچھ مہینوں یا سالوں تک معطل کر سکتے ہیں لیکن تمام مسائل کا حل صرف مذاکرات ہی ہیں۔