پاکستان اور بھارت کو ماضی بھلا کر آگے بڑھنا ہو گا: ناصر جنجوعہ

Nasir Janjua

Nasir Janjua

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ کا کہنا ہے ہمیں ماضی بھلا کر آگے بڑھنا ہے، پاک بھارت قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات ایک اچھا آغاز ہے۔

قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کو ماضی چھوڑ کر آگے بڑھنا ہو گا۔ ایک بھارتی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے قومی سلامتی کے مشیر ریٹائرڈ جنجوعہ نے کہا کہ ماضی میں پھنسے رہنا درست نہیں۔

ہمیں مستقبل کا سوچنا ہو گا۔ پاک بھارت قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات ایک اچھا آغاز ہے، دونوں ممالک کے درمیان تنازعات آئندہ نسلوں کے لئے چھوڑنے کے بجائے ہمیں خود حل کرنے ہونگے۔

چھ دسمبر کو ہانگ کانگ میں اپنے بھارتی ہم منصب اجیت ڈووال سے ملاقات کے بارے میں لیفٹیننٹ ریٹائرڈ جنرل جنجوعہ نے کہا کہ ہم آہنگی کے ساتھ مذاکرات آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ہم ایک ساتھ مل کر بہتر کام کر سکتے ہیں۔