پاکستان نہتے کشمیری بچوں اور خواتین پر بھارتی مظالم سے لا تعلق نہیں رہ سکتا: جنرل قمر جاوید باجوہ

 General Qamar Javed Bajwa

General Qamar Javed Bajwa

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بھارت مایوسی میں مقبوضہ کشمیر میں عوام کے خلاف اور کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر پاکستانی دیہات کے خلاف جارحیت کر رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر حاجی پیر سیکٹر کا دورہ کیا، دورے کے دوران انہیں لائن آف کنٹرول پر بھارت کی طرف سے فائر بندی کی خلاف ورزیوں سے متعلق بریفنگ دی گئی اور پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں سے آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تشدد ہر حوالے سے ریاستی تشدد ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی تشدد کی وجہ سے آزاد کشمیر اور پاکستان میں عوامی جذبے میں اضافہ ہو رہا ہے اور یہ ایک قدرتی امر ہے کیونکہ پاکستان نہتے کشمیری بچوں اور خواتین پر بھارتی مظالم سے لا تعلق نہیں رہ سکتا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کشمیریوں کو خوف اور جبر سے آزاد زندگی گزارنے کا پورا حق ہے اور ہم ان کے حق خود ارادیت اور سیاسی جدوجہد کا ساتھ دینا جاری رکھیں گے۔