پاکستانی رہنماؤں سے ملاقات کا خوف؛ بھارت نے حریت رہنماؤں کو گھروں میں نظر بند کر دیا

Hurriyat Leaders

Hurriyat Leaders

سری نگر (جیوڈیسک) قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات میں پاکستان کی جانب سے حریت رہنماؤں کو دعوت کے بعد بھارت نے حریت قیادت کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے پاک بھارت قومی سلامتی کے مشیروں کی 23 اگست کو ہونے والی ملاقات میں شرکت کی دعوت سے قبل ہی بھارتی حکومت نے حریت رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے۔ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر اور سری نگر میں اہم کشمیری رہنماؤں سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کو گھروں میں نظر بند کردیا گیا ہے جب کہ یاسین ملک کو حراست میں لے لیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن عبدالباسط نے ایک انٹرویو میں واضح کیا تھا کہ حریت کانفرنس کشمیریوں کی اہم نمائندہ جماعت ہے اور حریت رہنماؤں سے ہمارے رابطے مددگار ثابت ہوتے ہیں، پاکستان نے حریت رہنماؤں سے متعدد ملاقاتیں کی ہیں، پاکستان یہ ملاقاتیں نہیں چھپاتا اور آئندہ بھی ان کو جاری رکھے گا۔