پاکستان کو قیادت کی ضرورت ہے خفیہ میٹنگز کی نہیں، عمران خان

Imran khan

Imran khan

لاہور (جیوڈیسک) عمران خان کا لاہور کے مقامی ہوٹل میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کو آج لیڈرشپ کی ضرورت ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ پاکستان میں قیادت کا فقدان ہے۔

لیڈرشپ کا مشکل وقت میں ہی پتا چلتا ہے۔ لیڈر ایک نظریے پر چلتا ہے اور وژن کیساتھ قوم کی قیادت کرتا ہے اور کسی سے نہیں ڈرتا۔ میں نیلسن منڈیلا کو بڑا لیڈر سمجھتا ہوں۔ نیلسن منڈیلا نے اپنی قیادت کی وجہ سے جنوبی افریقا کو بچایا۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت قیادت کی ضرورت ہے خفیہ میٹنگز کی نہیں۔ نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں نواز شریف اور نریندر مودی کی خفیہ ملاقات ہوئی تھی۔ نواز شریف اس ملاقات میں سٹیبلشمنٹ سے ڈر رہے تھے۔ لیڈر چھپ کر میٹنگ نہیں کرتے، اس کی کریڈبیلٹی ہوتی ہے۔

بدقسمتی سے بھارت اور پاکستان میں لیڈرشپ نظر نہیں آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سب سے بڑا ایشو غربت ہے۔ غربت کو ختم کرنے کے لیے امن پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے چین کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ چین نے سب سے پہلے ملک میں غربت کوختم کیا۔ غربت ختم کرنے سے چین کی گروتھ ریٹ بڑھ گئی۔