پاکستان کا نام روشن کرنا میرا اولین مقصد ہے، سعدیہ خان

Sadia Khan

Sadia Khan

لاہور (جیوڈیسک) معروف ماڈل و اداکارہ سعدیہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا نام روشن کرنا میرا اولین مقصد ہے، اچھے کام کی پیشکش ملک سے ہویا بھارت سے ضرور کرونگی۔

بالی وڈ ڈائریکٹر کبیرخان کی طرف سے بالی وڈ کے لیے مجھے موزوں قراردینا اعزاز سے کم نہیں ہے۔ فی الحال بالی وڈ انٹری کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، آنے والے دنوں میں اپنے چاہنے والوںکواچھی خبردونگی۔ انھوں نے کہا کہ کبیرخان کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں۔

انھوں نے جس طرح سے اپنی فلموں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا، اس کو سب نے دیکھا اور سراہا ہے۔ خاص طور پر’’ بجرنگی بھائی جان‘‘ کوجس طرح سے انھوں نے بنایا ہے وہ قابل تعریف ہے۔ ان کا میرے متعلق یہ کہنا کہ میں بے پناہ صلاحیتیوں کی مالک ہوں اور میرے ٹیلنٹ سے بالی وڈ کو فائدہ اٹھانا چاہیئے، اس پر میں خود کوخوش قسمت سمجھتی ہوں۔

انھوں نے کہا کہ یہ بھی حقیقت ہے کہ میرے اور کبیر خان کے درمیان کبھی رابطہ نہیں ہوا البتہ بالی وڈکی کئی دیگر شخصیات سے رابطہ رہتا ہے کیونکہ کئی بار مجھے بالی وڈ میں کام کی پیشکش ہو چکی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سعدیہ خان نے کہا کہ ٹیلنٹ کو کسی بھی جگہ محدود نہیں کیا جا سکتا کیونکہ اب دنیا گلوبل ولیج کی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔

اگر مجھے بالی وڈ میں اچھے پروجیکٹ کی پیشکش ہوتی ہے تو ضرور کام کروں گی، اچھا پراجیکٹ اگر مجھے دنیا کے کسی اور ملک سے بھی آفر ہوا تو ضرور کام کرونگی۔ اس وقت توبس اتنا ہی کہہ سکتی ہوں کہ مختصر عرصہ میں جومقام ملا، اس کو برقرار رکھنے اور لمبی اننگز کھیلنے کے لیے معیار میری اولین ترجیح رہے گا۔