پاک بحریہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی: کمانڈر پاکستان فلیٹ

Arif Allah Hosseini

Arif Allah Hosseini

کراچی (جیوڈیسک) کمانڈر پاکستان فلیٹ ایڈمرل عارف اللہ حسینی کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ دشمن کے کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

کمانڈر پاکستان فلیٹ ایڈمرل عارف اللہ حسینی نے شمالی بحیرہ عرب میں پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں کا معائنہ کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کمانڈر پاکستان فلیٹ کاملکی بحری سرحدوں کی کڑی نگرانی کے سلسلے میں فلیٹ کی تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہارکیا۔

ایڈمرل عارف اللہ حسینی کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ بحری سرحدوں ، کریکس اور ساحلی علاقوں کی مسلسل کڑی نگرانی کر رہی ہے ۔ پاک بحریہ کے جنگی جہازوں پر تعینات آفیسرز و سیلرز کے حوصلے اور عزم قابل تعریف ہے ۔ پاک بحریہ دشمن کے کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے ۔ پاکستان امن پسند ملک ہے اور خطے میں امن و خوشحالی کا خواہش مند ہے ۔ پاک بحریہ کسی بھی جارحانہ کارروائی اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی۔