پاکستان سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے: صدر ممنون

Mamnoon Hussain

Mamnoon Hussain

اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں میں سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے لئے کامسٹیک کا تیار کردہ 10 سالہ منصوبہ ایک مثبت پیش رفت ہے جس پر عمل کر کے عام آدمی کے معیار زندگی میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

صدر نے یہ بات سائنس اور ٹیکنالوجی کے لئے اسلامی تعاون تنظیم کی وزارتی سٹینڈنگ کمیٹی کے کوآرڈینیٹر جنرل ڈاکٹر شوکت حمید خان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

صدر نے کہا کہ پاکستان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں اسلامی دنیا میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے جسے مزید بہتر بنانے کے لئے تمام متعلقہ شعبوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل شوکت حمید خان نے اس موقع پر صدر مملکت کو کامسٹیک کی ایگزیکٹو کونسل اور جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاسوں کے لئے کی جانے والی تیاری سے آگاہ کیا۔

صدر نے ہدایت کی کہ ان اجلاسوں کے لئے بھرپور تیاری کی جائے۔کامسٹیک کی ایگزیکٹو کمیٹی اور جنرل اسمبلی کے اجلاس اس سال 30 مئی اور یکم جون کو اسلام آباد میں ہوں گے۔