پاکستانی سنوکر سپر سٹار حمزہ اکبر کے اعزاز میں اعشائیہ چھبیس مارچ جو اولڈہم میں منعقد ہو گا

Hamza Akbar

Hamza Akbar

اولڈہم (نوید چوہان) پاکستان میں یا برطانیہ میں کرکٹ کے علاوہ کسی اور کھیل کے کھلاڑی کو اعزاز کی مثالیں بہت کم ملتی ہیں۔

اولڈہم سنوکر اکیڈمی اس ضمن میں ایک تاریخ رقم کرنے جا رہی ہے جب چھبیس مارچ کو ورنتھ سویٹ اولڈہم میں پاکستانی سنوکر سپر سٹار اور سابق ایشین چئمپین حمزہ اکبر کے اعزاز میں ایک چیریٹی ڈنر کا انعقاد کیا جائے گا جس میں حمزہ اکبر کو پاکستانی سنوکر کے لیے ان کی خدمات سے نوازا جائے گا۔

اس تقریب میں مختلف کھلاڑیوں کے زیر استعمال کھیلوں کے سامان کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم بھی حمزہ اکبر کو دی جائے گی تاکہ یہ رقم ان کے ورلڈ ٹور میں ان کے لیے مددگار ثابت ہو سکے۔ تقریب میں قونصل جنرل ڈاکٹر ظہور احمد، اوورسیز پاکستانی فیڈریشن کے چئیرمین بیرسٹر امجد ملک، سابق انگلش اور لنکاشائر کاونٹی کے کھلاڑی ساجد محمود، باکسر عامر خان کی پوری فیملی اور ان کے چھوٹے بھائی ہارون اور دیگر کمیونٹی عمائدین بھی اس تقریب میں شریک ہونگے۔

تقریب میں باکسر عامر خان کے استعمال شدہ دستانے بھی نیلامی کے لئے پیش کیے جائیں گے۔ تقریب کو فنگا رنگ بنانے کے کیے ریڈیو سنگم جو کہ اس تقریب کے میڈیا پارٹنرز ہیں ہوسٹنگ کے فرائض انجام دیں گے اور نشید آرٹسٹ بھی اس تقریب میں خصوصی شرکت کریں گے۔

اولڈہم سنوکر اکیڈمی کے مالک اور حمزہ اکبر کے مینیجر نے گریٹر مانچسٹر اور نواح میں بسنے والے پاکستانیوں سے یہ اپیل کی ہے کہ حمزہ اکبر جیسے ہونہار کھلاڑی کی مدد کی جائے تاکہ وہ ایشین سنوکر کی طرح دیگر مقابلے جیت کر ملک و قوم کا نام روشن کر سکے۔

واضح رہے کہ حمزہ اکبر اس وقت برطانیہ میں ورلڈ سنوکر کے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیل رہے ہیں۔ اور پاکستانی سنوکر فیڈریشن کے تعاون کے باوجود انھیں وزارت کھیل سے انعامی رقم کا صرف آدھا حصہ ہی مل پایا ہے۔