پاکستان سے متعلق بیان میری ذاتی رائے تھی، اماراتی وزیر انور قرقاش

Anwar Qarqash

Anwar Qarqash

اسلام آباد (جیوڈیسک) متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ انور محمد قرقاش نے یمن بحران پر غیرجانب دار رہنے پر پاکستان سے متعلق بیان کوذاتی رائے قراردے دیا ہے۔

ایک انٹرویو میں انور محمد قرقاش نے کہا کہ میرے بیان کا متحدہ عرب امارات کی خارجہ پالیسی سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا میرے خیال میں یمن میں جاری لڑائی کے لیے پاکستان سے زمینی فوج کی مدد نہیں مانگی گئی تھی، ہم پاکستان سے سیاسی اور فوجی مدد مانگ رہے تھے۔

واضح رہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ٹوئٹ میں ڈاکٹر انور قرقاش نے کہا تھا کہ سعودی عرب کی سربراہی میں یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف جاری آپریشن میں شامل نہ ہونے کے حوالے سے پاکستان کی پارلیمنٹ کی قرارداد غیر متوقع ہے۔

پاکستان کے لئے بہتر ہے کہ وہ خلیجی ریاستوں کے ساتھ اپنے تعلقات کے حوالے سے واضح موقف اپنائے کیونکہ اسے مبہم موقف کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑسکتی ہے۔