پاکستان سپر لیگ، لاہور قلندرز نے میدان مار لیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست

Lahore Qalandars

Lahore Qalandars

دبئی (جیوڈیسک) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے مابین ہونے والی میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 194 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے احمد شہزاد اور لیوک رائٹ نے اننگز کا آغاز کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا آغاز اچھا نہ رہا اور 20 رنز پر پہلی وکٹ گری اور احمد شہزاد کا بلا آج رنز اُگلنے میں ناکام رہا اور 15 رنز بنا کر کلین بولڈ ہو گئے جبکہ 6 رنز بعد دوسری وکٹ کا نقصان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اٹھانا پڑا جب لیوک رائٹ کیچ آؤٹ ہوئے۔ کیون پیٹرسن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے تیسرے آؤٹ ہونیوالے کھلاڑی تھے جو آج خاطر خواہ کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے اور مجموعی اسکور میں صرف 12 رنز کا اضافہ کر سکے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سرفراز تھے جو 31 رنز بنا کر زوہیب خان کا شکار بنے۔ پانچویں وکٹ محمد نواز کی گری جو 42 رنز کی اننگز کھیل کر مینڈس کی گیند پر سٹمپ ہوئے۔ محمد نبی چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جنہوں نے 6 رنز بنائے۔ ظفر گوہر کی گیند پر عمر اکمل نے ان کا کیچ پکڑا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ساتواں نقصان چگمبرا کی صورت میں ہوا جو 3 رنز بنانے کے بعد مینڈس کی گیند پر اظہر علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انور علی نے 6 رنز بنائے اور مینڈس کی گیند پر ظفر گوہر نے انکا کیچ پکڑا۔ اکبر رحمان 3 رنز بنا کر ظفر گوہر کی گیند پر سٹمپ ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عمر گل تھے جو بغیر کوئی اسکور بنائے ظفر گوہر کی گیند پر عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے ظفر گوہر نے 4، مینڈس نے 3 جبکہ براوو، کوپر اور زوہیب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔