پاکستان میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں پرتشویش ہے، امریکا

Ashton Carter

Ashton Carter

واشنگٹن (جیوڈیسک) پاکستان میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں پر تشویش ہے، امریکا

امریکا کے وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں پرتشویش ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق انھوں نے آرمڈ سروسز کمیٹی کے ارکان کو بتایاکہ ہم اس بارے میں فکر مند ہیں۔

امریکانے پاکستان پردہشت گردوں سے لڑنے اور اس بات کوتسلیم کرنے پر زور دیا ہے کہ دہشت گردنہ صرف پاکستان بلکہ اس کے ہمسایہ ممالک اور خطے میں امریکی افواج کیلیے بھی بڑاخطرہ ہیں۔ دریں اثنا جوائنٹ چیفس آف اسٹاف چیئرمین جنرل جوزف ڈنفورڈ نے بتایاکہ پاکستان سے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے تعاون کی سطح غیرتسلی بخش ہے تاہم پاکستان کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔

ادھر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونرنے صحافیوں سے گفتگومیں پاک بھارت وزرائے اعظم کے درمیان پیرس میں ہونے والی حالیہ ملاقات کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ پاکستان اوربھارت کے درمیان تعمیری تعلقات نہ صرف دونوں ممالک بلکہ خطے کے بہترین مفاد میں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ امریکانے ہمیشہ پاک بھارت مذاکرات کی حمایت کی ہے، دونوں ممالک بات چیت کے ذریعے تمام مسائل حل کر سکتے ہیں۔