پاکستان میں شفاف انتخابات کا انعقاد کسی طور ممکن نہیں ہے، امیر پٹی

Election

Election

کراچی (اسٹاف رپورٹر) خیبر پختونخواہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میںتشدد کے واقعات اور معصوم افراد کی ہلاکت کے بعد حالات کنٹرول کرنے کیلئے فوج کی طلبی کے باجود الیکشن کمیشن کی جانب سے کے پی کے بلدیاتی انتخابات پر اظہار اطمینان اور انہیں تسلی بخش قرار دیئے جانے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ کے پی کے انتخابات اگر الیکشن کمیشن کے نزدیک شفاف اور اطمینان و تسلی بخش ہیں

تو پھر یہ بات ثابت ہوجاتی ہے کہ پاکستان میں شفاف انتخابات کا انعقاد کسی طور ممکن نہیں کیونکہ الیکشن اور ان کی شفافیت کے ذمہ دار اور ادارے ہی جب دھاندلی ‘ دھونس ‘ جبر ‘ مینڈیٹ کی چوری’ ریاست قوت کے استعمال ‘ جعلی ووٹ بھگتائے جانے ‘ ٹھپے لگانے اور بیلٹ باکسز چرانے کے ساتھ فائرنگ ‘ تشدد اور ہلاکتوں پر اظہار اطمینان کریں اور ان واقعات کو تسلی بخش قرار دے دیں تو پھر ملک و قوم اور جمہوری نظام سب کا خدا ہی حافظ ہے۔

امیر پٹی نے مزید کہا کہ کے پی کے بلدیاتی انتخابات میں الیکشن کمیشن کے سامنے آنے والے کردار نے نہ صرف قومی انتخابات برائے 2013ء میں دھاندلی کے الزامات کو سچ ثابت کردیا ہے بلکہ یہ بھی ظاہر ہوگیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو منافقوں ‘ مفاد پرستوں اور نا اہلوں سے پاک کئے بغیر اس ملک میں کوئی بھی بہتر ی اور اصلاح ممکن ہے اور نہ ہی کبھی اس ملک میں عوام کی منتخب کردہ حقیقی جمہوریت و قیادت اقتدار میں آسکتی ہے۔