پاکستان سے ہمیں جنگ کے پیغامات مل رہے ہیں، افغان صدر کا الزام

Ashraf Ghani

Ashraf Ghani

کابل (جیوڈیسک) افغان صدر اشرف غنی نے ملک میں ہونے والے حالیہ حملوں کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پڑوسی ملک سے ہمیں جنگ کے پیغامات مل رہے ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کار میں سوار خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی کابل ایئرپورٹ کے داخلی دروازے پرزوردار دھماکے سے اڑادی جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور بچوں سمیت 16 زخمی ہوگئے جب کہ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابل ایئرپورٹ پر امریکی اتحادی فورسز کی دو گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا اور حملے میں مارے جانے والے غیرملکی ہیں۔

دوسری جانب افغان صدر اشرف غنی نے پریس کانفرنس کے دوران کابل میں بم دھماکوں اور خودکش حملوں کی حالیہ لہر کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ہمیں امن کی امید تھی۔

لیکن پاکستان سے ہمیں جنگ کے پیغامات موصول ہورہے ہیں جب کہ چند روز کے دوران ہونے والے خودکش حملوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستان میں خودکش بمبار اور حملوں میں ملوث فیکٹریاں اب بھی اتنی ہی سرگرم ہیں جتنی پہلے ہوا کرتی تھیں۔