پاکستان وائٹ واش سے بچ گیا، انگلینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی

Pakistan vs England

Pakistan vs England

کارڈف (جیوڈیسک) صوفیہ گارڈنز میں کھیلے گئے پانچویں اور سیریز کے آخری ون ڈے میچ میں پاکستانی ٹیم نے بالاخر میزبان انگلینڈ کو شکست دیدی ہے۔ انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو 303 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔

قومی ٹیم کی جانب سے کپتان اظہر علی اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ٹیم کا سکور ابھی 22 رنز پر ہی پہنچا تھا کہ شرجیل خان 10 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد سکور ابھی 76 پر ہی پہنچا تھا کہ بابر اعظم بھی پویلین لوٹ گئے۔ بابر اعظم 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے فوری بعد اظہر علی بھی 33 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد شعیب ملک اور سرفراز احمد نے ٹیم کو سہارا دیا اور سکور کو 200 رنز سے زائد تک پہنچایا۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 240 رنز پر گری جب وکٹ کیپر سرفراز احمد 90 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد 256 رنز پر شعیب ملک بھی واپس لوٹ گئے۔ شعیب ملک نے 77 رنز بنائے۔ اس کے بعد سکور ابھی 266 پر پہنچا تھا کہ محمد نواز صرف 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سرفراز احمد اور شعیب ملک کی اننگز نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ محمد رضوان 34 اور عماد وسیم نے 16 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے ڈاؤسن اور ووڈ نے دو، دو اور ووکس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ قومی ٹیم نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز کا ہدف پورا کیا۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بلے بازی کی دعوت دی۔ انگلینڈ کی جانب سے ایلکس ہیلز اور جیسن روئے نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم ٹیم کا سکور ابھی 35 رنز پر ہی پہنچا تھا کہ ایلکس ہیلز صرف 23 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد آنے والے کھلاڑی جو روٹ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ انگلینڈ کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مورگن تھے جنہوں نے 10 رنز بنائے۔ اس کے کچھ دیر بعد ہی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرنے والے جیسن روئے بھی کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 87 رنز بنائے۔

انگلینڈ کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بیرسٹو تھے جنہوں نے 33 رنز بنائے۔ دیگر آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں سٹوکس 75، ایل اے ڈاؤسن 10، کرس ووکس 10 اور ڈیوڈ ولی نے 6 بنائے۔ جورڈن 15 جبکہ ووڈ 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی کامیاب گیند باز رہے جنہوں نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

محمد عامر کے حصے میں 3 جبکہ عماد وسیم اور عمر گل نے ایک، ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔ واضح رہے کہ انگلینڈ ٹیم کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں چار، ایک کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔