پاکستان، ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، عید 13 ستمبر کو ہو گی

Mufti Muneeb ur Rehman

Mufti Muneeb ur Rehman

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کے کسی بھی حصے میں جمعہ کو ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا۔ لہذا، یکم ذی الحج اتوار 4 ستمبر کو ہوگی، جبکہ عید الاضحیٰ 13ستمبر بروز منگل کو منائی جائے گی۔

چاند نظر نہ آنے کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے جمعہ کی رات کیا۔

اعلان سے قبل، اُن کی صدارت میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس مختلف شہروں میں منعقد ہوئے۔

اجلاس میں مختلف مکاتبِ فکر کے علماء نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد ملک بھر سے چاند نظر آنے یا نظر نہ آنے کی شہادتیں حاصل کرکے ان کا شرعی جائزہ لینا تھا۔ تاہم، جمعہ کو ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی شہادت نہیں ملی۔

رویت ہلال کمیٹی کو محکمہٴ موسمیات اور ’سپارکو‘ کی تکنیکی معاونت بھی حاصل تھی۔

ماہر فلکیات اور محکمہٴ موسمیات نے پہلے ہی یہ پیش گوئی کردی تھی کہ اس بار ذالقعد پورے 30 دن کا ہوگا اس لئے 2 ستمبر کو ذوالحج کا چاند نظر نہیں آئے گا۔

محکمہٴ موسمیات کے ماہرین کے مطابق، نیا چاند یکم ستمبر کی دوپہر 2 بجے نمودار ہوا تھا جسے دیکھنا ممکن نہیں تھا۔