پاکستانی کھلاڑی ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کی تیاریاں آج شروع کرینگے

Pakistani Players

Pakistani Players

لاہور (جیوڈیسک) قومی شاہین صحرائی فضاؤں میں کالی آندھی کے خلاف اونچی اڑان بھرنے کے لیے آج سے تیاریاں شروع کریں گے۔

ٹی 20 سیریز کا پہلا معرکہ 23 ستمبر کو ہو گا۔ تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے لیے قومی کھلاڑیوں نے یو اے ای میں پڑاؤ ڈال دیا ، مکمل آرام کے بعد اب شاہین اونچی اڑان بھرنے کی تیاریاں آج سے شروع کریں گے۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پریکٹس سیشنز کا آغاز آج سے کیا جائے گا۔

سرفراز الیون فزیکل ٹریننگ کے علاوہ بیٹنگ ، بائولنگ اور خاص طور پر فیلڈنگ کے لیے جان مارے گی، صحرائی ماحول میں پہلے سے موجود کالی آندھی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں ۔ وِیسٹ انڈین بائولر سنیل بدری نے ٹیم پاکستان کو خطرے کا نشان قرار دے دیا ہے ، کہتے ہیں کہ ٹی 20 سپیشلسٹ کسی بھی وقت میچ کا رُخ موڑ دینے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں ۔ شادی کی تقریبات میں مصروف محمد عامر 22 ستمبر تک ٹیم کو جوائن کر لیں گے جبکہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا افتتاحی ٹی 20 بروز جمعہ کھیلا جائے گا۔