پانامہ کیس کا فیصلہ وزیراعظم پاکستان کے حق میں آنے پر بارسلونا میں مسلم لیگی کارکنوں نے جشن منایا

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

پیرس (زاہد مصطفی اعوان) پانامہ کیس میں آج سپریم کورٹ کا فیصلہ وزیر اعظم پاکستان کے حق میں آنے پر بارسلونا میں مسلم لیگی کارکنوں نے جشن منایا، مٹھائیاں تقسیم کیں اور ایک دوسرے کو مبارک باد دیتے ہوئے بغل گیر ہوئے۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن اسپین کے عہدیداران نے جنگ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج حق اور سچ کی فتح ہوئی ہے، ہم سپریم کورٹ کے ججوں کو سلام پیش کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ آج بھی میاں محمد نواز شریف سرخرو ہوئے ہیں اور جے آئی ٹی کے سامنے بھی سرخرو ہوں گے۔

مسلم لیگی عہدیداران کا کہنا تھا کہ عدلیہ کے فیصلے سے ملکی سلامتی اور جمہوریت کو مزید تقویت ملے گی اور پاکستان ترقی کے راستوں پر گامزن ہوگا ، جو طاقتیں پاکستان کو ترقی سے روکنا چاہتی تھیں انہیں شکست ہوئی ہے۔

مسلم لیگ ن اسپین کے صدر نے کہا کہ آج جھوٹ اور فریب کی سیاست ہار گئی ،سینئر نائب صدر میاں عمران ساجد نے اپنے بیان میں کہا کہ عدلیہ کے فیصلے سے وزیر اعظم پاکستان ساری قوم کے سامنے سرخرو ہوئے ہیں ۔سرپرست اعلیٰ میاں محمد اظہرنے کہا کہ وزیر اعظم سے استعفیٰ مانگنے والوں کو عدلیہ کے فیصلے کا احترام کرنا چاہئے۔