پاناما کیس : جماعت اسلامی نے وزیر اعظم کو طلب کرنے کا مطالبہ کر دیا

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) جماعت اسلامی نے پاناما کیس میں وزیر اعظم کو طلب کرنے کے لیے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ کیس میں انگلیاں وزیر اعظم اور ان کے خاندان کی طرف اٹھ رہی ہیں طلب کرکے وضاحت لی جائے۔

جماعت اسلامی نے اپنے وکیل توفیق آصف کے ذریعہ سپریم کورٹ میں وزیر اعظم میاں نواز شریف کو طلب کرنے کی درخواست دائر کر دی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاناما کیس میں تمام انگلیاں وزیر اعظم اور ان کی فیملی کی طرف اٹھ رہی ہیں ، عدالت میں اب تک کی گئی بحث میں وزیر اعظم نواز شریف موضوع بحث ہیں ، ملک سے باہر رقوم منتقل کرنے کے بارے میں وزیر اعظم ہی صحیح بتا سکتے ہیں۔

اس صورتحال میں وزیر اعظم کو عدالت طلب کرے ۔ وزیر اعظم نے مئی 2016 کو پارلیمنٹ میں تقریر کی ، اس تقریر کے متضاد انہوں نے قطری خط سماعت کے دوران پیش کیا ، متضاد موقف کے حوالے سے وزیر اعظم ہی وضاحت کرسکتے ہیں۔

دوسری طرف عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ سپریم کورٹ میں مجھے دلائل دینے کا موقع ملا تو وزیر اعظم کو عدالت طلب کرنے کا مطالبہ کروں گا۔میں معزز عدالت سے درخواست کروں گا کہ وہ وزیر اعظم کو سپریم کورٹ طلب کر کے حلف لیا جائے۔

شیخ رشید نے کہا کہ آرٹیکل 62 اور 63 پر 12 ارکان کو گھر بھیجا گیا انہیں بھی واپس بلوایا جائے۔