پاناما لیکس کی تحقیقات، اپوزیشن جماعتوں کا مشاورتی اجلاس آج ہو گا

Panama Leaks

Panama Leaks

اسلام آباد (جیوڈیسک) پانامہ لیکس کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس آج اسلام آباد میں ہو گا۔ اجلاس میں تحقیقاتی کمیشن کے ٹی او آرز پر بھی بحث مباحثہ ہو گا۔

اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں میزبان پیپلز پارٹی کے علاوہ تحریک انصاف، اے این پی، ایم کیو ایم، جماعت اسلامی، مسلم لیگ ق، قومی وطن پارٹی، عوامی مسلم لیگ اور سپریم کورٹ بار کے عہدیدار شرکت کریں گے۔

سب سے پہلے وزیر اعظم کے احتساب کیلئے 4 سے 5 نکات پر اتفاق رائے کیلئے مشاورت ہو گی اور اس پر اے این پی اور ایم کیو ایم کے تحفظات دور کئے جائیں گے۔

اجلاس میں وزیر اعظم کے چیف جسٹس کو تحقیقاتی کمیشن کیلئے خط جبکہ سرکاری، سپریم کورٹ بار اور جماعت اسلامی کے ٹی او آرز کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں فرانزک آڈٹ کے حوالے سے تجاویز بھی زیرغور آئیں گی۔