پاناما لیکس پر اپوزیشن کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہیں: عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے۔ طاقت ور کبھی نہیں پکڑا جاتا، کوئی نہ کوئی اسے بچانے آ جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے حکومت کیخلاف تحریک چلانے کے لیے رابطہ نہیں کیا۔ تاہم پاناما لیکس ون پوائنٹ ایجنڈے پر اپوزیشن سے تعاون کے لیے تیار ہیں۔

کراچی کے علاقے پٹیل پاڑہ میں پی ٹی آئی کارکن فضل الرحیم کے اہلخانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ فضل الرحیم تحریک انصاف کا کارکن تھا، اس کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی۔ اس کا کوئی قصور نہیں تھا۔ ہم اور مقتول کے اہلخانہ پولیس تفتیش سے مطمئن نہیں ہیں۔

سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے حملہ آوروں کا پتا چلایا جا سکتا ہے۔ فضل الرحیم کے قاتلوں کو نہ پکڑا گیا تو احتجاج کریں گے۔ پولیس کو چاہیے کہ ہ فوری طور پر ذمہ داروں کا تعین کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کیس میں لوگوں کو انصاف ملنے کی کوئی امید نہیں ہے، کیس کو ملٹری کورٹ میں چلایا جائے۔