پیرس میں مقیم پاکستانی کیمونٹی ،سیاسی، سماجی شخصیات کا چیف جنرل قمر باجوہ کی تقرری کا خیر مقدم

General Qamar Bajwa

General Qamar Bajwa

پیرس (زاہد مصطفی اعوان) پیرس میں مقیم پاکستانی کیمونٹی ،سیاسی، سماجی اور عوامی شخصیات کا پاکستان آرمی کے لیے چیف جنرل قمر باجوہ کی تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان کی سلامتی کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے۔ ان حلقوں کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی کے نئے سپہ سالار چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر باجوہ کی تقرری سے بھارت میں کھلبلی مچ گئی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے چیئرمین چوہدری شاہین اختر ،صدر چوہدری ریاض پاپا ،اور جنرل سیکرٹری شیخ وسیم اکرم نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ نئے آرمی چیف قمر باجوہ کی تقرری ملک و قوم کے لیے انتہائی اہم ہے اور اب بھارتی فوج کے اندر ایک خوف پیدا ہوچکا ہے بلکہ پورے بھارت کے اندر ہلچل مچ گئی ہے اور اسی لیے سابق بھارتی آرمی چیف بکرم سنگھ نے مودی سرکار کو نئے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے محتاط رہنے کا مشورہ دے دیا ہے جب کہ بھارتی میڈیا پاکستان کے نئے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کے ماضی کے بہادری کے قصے بیان کررہے ہیں۔ ان رہنمائوں نے سابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضرب عضب میں شاندار کامیابی ان کی جرآت اور بہادری کی نشانی ہے اور قوم ان کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کے سابق صدر ڈاکٹر ارشاد علی کمبوہ نے کہا کہ نئے آرمی چیف کی تقرری ملک و قوم کے لیے خوش آئند ہے اور امید ہے کہ نئے سپہ سالار وطن عزیز کو دہشت گردی جیسی لعنت سے مکمل چھٹکارا دلانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی سے پاکستان مزید مضبوط ہوگا اور وہ وقت دور نہیں جب وطن عزیز پاکستان امن اور سلامتی کا گہوارہ ہوگا۔ پی ٹی آئی کے رہنما عمر رحمان ۔طاہر اقبال ۔اور چوہدری افضال ڈھل بنگش نے بھی نئے آرمی چیف کی تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ جب کہ استحکام پاکستان کونسل نے سابق جنرل راحیل شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کا ہیرو قرار دیا اور نئے آرمی چیف کی تقرری کو خوش آئند فیصلہ قرار دیا۔