پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے پر قائم ہوں: عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

پشاور (جیوڈیسک) عمران خان کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے پر قائم ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کوئی نئی بات نہیں ہو گی ، اس سے قبل آل پارٹیز کانفرنس میں تحریک انصاف کی شرکت سے کچھ حاصل نہیں ہوا۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف منی لانڈرنگ ، اثاثے چھپانے اور ٹیکس چوری میں پکڑے گئے ہیں ۔ نواز شریف وزیر اعظم ہونے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں ۔ ان کے پاس صرف 2 راستے ہیں ، یا تو استعفیٰ دے دیں یا خود کو احتساب کے لئے پیش کر دیں۔

دوسری جانب پشاور میں اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف جنگ جیتنے کے قریب آگئے ہیں ، انسانوں پر سرمایہ کاری کی جائے تو وہ میٹرو ٹرینیں اور پل بھی بناتے ہیں ، نواز شریف عمارتوں پر پیسہ خرچ کر رہے ہیں اور ہم انسانوں پر لگا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا جب تک اداروں میں بہترین لوگ نہیں آئیں گے ادارے مضبوط نہیں ہو سکتے ۔ ان کا کہنا تھا ہم تعلیمی اداروں کی صورتحال بہتربنا رہے ہیں ۔ خیبرپختونخوا میں نجی سکولوں کے 34 ہزار بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کرایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے بچوں کے بچے ہوں گے تو انہیں سرکاری تعلیمی اداروں میں داخل کرائیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی سرکاری ہسپتال میں پیدا ہوئے ۔ انگریزوں نے نظام تعلیم کو تباہ کیا اور ہم نے ان کے دیئے ہوئے نظام کو بھی تباہ کر دیا۔ اس موقع پر عمران خان نے بہترین کارکردگی دکھانے والے اساتذہ میں نقد انعامات بھی تقسیم کئے۔