پارلیمنٹ کے باہر ایک شخص کا شیخ رشید سے جھگڑا

Sheikh Rashid

Sheikh Rashid

اسلام آباد (جیوڈیسک) پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ملک نور اعوان نامی شخص کا شیخ رشید سے جھگڑا ہو گیا، ملک نور نے شیخ رشید پرگاڑی لے کر رقم ادا نہ کرنے کا الزام لگایا ہے۔

ملک نور اعوان نے شیخ رشید کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر روک کر 22 لاکھ روپے دینے کا مطالبہ کیا، جس پر شیخ رشید نے کہا کہ پیسے جلد ادا کروں گا، آپ تسلی رکھیں۔

ملک نور اعوان کی طرف سے بار بار رقم واپسی کا مطالبہ کرنے کے بعد شیخ رشید نے کہا کہ میں اسپیکر کو جا کر شکایت کروں گا جس کے بعد وہ ہاتھ چھڑا کر پارلیمنٹ کے اندر چلے گئے۔

ذرائع کے مطابق ملک نور اعوان مسلم لیگ جاپان کے صدر ہیں اور گاڑیوں کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔ ملک نور کا کہنا تھا کہ شیخ رشید مسجد میں حلف دیں کہ رقم جلد دے دیں گے۔

شیخ رشید نے ایوان کے اندر وزیر داخلہ چودھری نثار سے ملاقات کی اور واقعے کی تفصیلات بتائیں۔ وزیر داخلہ نے یقین دہانی کرائی کہ اسپیکر کی ہدایات کی روشنی میں اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

وزیر داخلہ چودھری نثار کا کہنا ہے کہ شیخ رشید سےج ھگڑا کرنے والے شخص کو حراست میں لے لیا۔

واقعے کے بعد پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایک شخص رقم وصول کرنے اسمبلی کے باہر آ گیا، یہ مسلم لیگ ن کا گلو بٹ ہے، مجھے نقصان پہنچا تو نواز شریف اور شہباز شریف ذمے دار ہوں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں سیکرٹریٹ تھانے ایف آئی آر کے لیے جا رہا ہوں، میری سچائی اور عمران خان سے اتحاد سے خوفزدہ ہیں ،یہ لوگ میرے سچ سے خوفزدہ ہیں، یہ سب ایک سوچا سمجھا منصوبہ ہے۔