پارلیمانی جماعتوں نے جوڈیشل کمیشن کے فیصلے پر اعتماد کا اظہار کر دیا، پرویز رشید

Pervaiz Rashid

Pervaiz Rashid

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ پارلیمانی رہنماؤں نے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا وزیراعظم ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں تحریک انصاف کے پارلیمنٹ سے استعفوں اور جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اجلاس کے دوران تمام سیاسی جماعتوں نے جوڈیشل کمیشن کے فیصلے پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا جب کہ اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) اور ایم کیو ایم کی جانب سے تحریک انصاف کو ڈی سیٹ کرنے کی جو تحاریک جمع کروائیں اس حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ تبادلہ خیال کیا گیا اور تمام جماعتوں نے اس حوالے سے اپنے اپنے موقف کے حوالے سے آئینی اور سیاسی نکات پیش کئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے تمام پارلیمانی رہنماؤں کا موقف سننے کے بعد ایم کیو ایم اور جے یو آئی (ف) کے رہنماؤں سے تحریک انصاف کے خلاف تحاریک واپس لینے کا کہا جس پر دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے اپنی اپنی جماعتوں سے مشاورت کے لئے وقت مانگ لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے وزراء کو ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ دونوں جماعتوں سے روابط میں رہیں اور انھیں اپنی تحاریک واپس لینے کے لئے آمادہ کرنے کی کوشش کریں۔