آج ناموس رسالت مارچ میں شرکت کیلئے لاکھوں عاشقان رسول گھروں سے نکلیں گے، منعم ظفر خان

Munazan Zafar Khan Invitation Visit Camp Post Office

Munazan Zafar Khan Invitation Visit Camp Post Office

کراچی (پ ر) امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ 29 فروری کا دن عالم اسلام کو دکھی کرگیا، یہ مملکت جو کلمہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آئی تھی اسی میں عاشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ امریکا و یورپ کی خوشنودی کیلئے ممتاز قادری کو شہید کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون لیاقت آباد کے تحت ”ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مارچ” کے سلسلے میں ڈاکخانہ پر لگائے گئے دعوتی کیمپ کے دورہ کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔

اس موقع پر امیر زون لیاقت آباد اسحق تیموری و دیگر بھی موجود تھے۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ آج ”ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مارچ میں شرکت کیلئے لاکھوں کی تعداد میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم گھروں سے نکلیں گے۔ نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے اور اللہ کے قانون کا مذاق اڑانے والوں کا انجام عبرتناک ہوگا۔ عوام نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اظہار محبت اور ممتاز قادری کی قربانی کو سلام پیش کرنے کیلئے نیپا چورنگی پہنچیں۔

فرقے، رنگ، نسل اور لسانیت سے بالا تر مارچ میں شریک ہوں، ممتاز قادری کی حمایت میں نکلنا فرض بھی ہے اور قرض بھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 1927 میں ملعون رام پال اٹھا تو برطانوی حکومت نے ناموس مصطفیۖ کی حفاظت پر غازی علم دین کو تختہ دار پر لٹکا دیا لیکن آج پاکستان میں انگریز نہیں کلمہ گو مسلمان حکمران ہیں لیکن ان کی ایمانی غیرت مر چکی ہے، پاکستان کو لبرل اور سیکولر اسٹیٹ نہیں بننے دیں گے، یورپی ممالک اگر گستاخان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حق میں کھڑے ہوسکتے ہیں تو ہم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شفاعت کے دعویدار ممتاز قادری کے حق میں صدا کیوں نہیں بلند کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے گستاخان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو لگام دینے اور قانون رسالت میں ممکنہ تبدیلی کے پیش نظر عوام کو متحد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ہم ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستانی عوام مسلک اور لسانیت پر تقسیم نہیں ناموس مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حفاظت کیلئے سب متحد ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ملعونہ آسیہ بی بی پر درج توہین رسالت کیس میں پیش رفت کی جائے اور اسے جرم کی قرار واقعی سزا دی جائے۔