پاک سرزمین پارٹی کے قافلے پر گندے انڈوں، پتھروں اور لاتوں کی بارش

Party

Party

کراچی (جیوڈیسک) باغ جناح سے پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی دیگر ساتھیوں کے ہمراہ شہر کے دورے پر روانہ ہوئے، پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں نے نارتھ کراچی کےعلاقے میں فور کے چورنگی پہنچ کر شہریوں سے ملاقات کی اور انھیں 24 اپریل کے جلسہ میں شرکت کی دعوت دی۔

اس دوران مخالف گروپ کی جانب سے پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ مخالفین نے پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں کے قافلے پر گندے انڈے اور پتھر برسائے۔ تاہم سکیورٹی پر موجود پولیس اہلکاروں نے پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں کے گرد حصار بنا کر باحفاظت وہاں سے نکال لیا۔ مخالف گروپ نے سڑک پر جمع ہو کر قافلے میں شریک گاڑیوں کا راستہ بھی روکا اور گاڑیوں پر لاتوں کی بھی بارش کی۔

پاک سرزمین پارٹی کا قافلہ مخالف گروپ کی شدید نعرے بازی اور گندے انڈے اور پتھر برسانے کے باعث واپس پاکستان ہاؤس روانہ ہو گیا۔