پرامن، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کراچی میں امن کی ضمانت ہے، منعم ظفر خان

Jamaat e Islami

Jamaat e Islami

کراچی : کراچی امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان کی قیادت میں وفد جس میں خالد صدیقی اور یونین کمیٹی 27 سے چیئرمین کے امیدوار سجاد حیدر دارا شامل تھے نے ڈسٹرکٹ ریٹرنگ افسر و ڈسٹرکٹ کمشنر افضل زیدی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کے مطابق ہر سیاسی جماعت کو آزادانہ ماحول میں سیاسی سرگرمیوں کی اجازت ہے۔

تاہم اس کے برخلاف انتخابی سرگرمیوں میں شرپسند عناصر کی جانب سے نا صرف رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں بلکہ ضابطہ اخلاق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح ایک تنظیم کی ایما پر من پسند عملے کی تقرری کا عمل جاری ہے، جس کے نتیجے میں انتخابی عمل پر سوالیہ نشان اٹھنے لگا ہے، اس کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پرامن، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کا انعقاد انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے اور اسی کے نتیجے میں شہر کا امن قائم ہوسکتا ہے اور تعمیر و ترقی کا عمل آگے بڑھ سکتا ہے۔ وفد نے افضل زیدی کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ افضل زیدی نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کی شکایات کا ازالہ اور پرامن انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے#