عوام مظلوم اور دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے قربانی کی کھالیں الخدمت کو دیں، منعم ظفر خان

Jamaat e Jslami

Jamaat e Jslami

کراچی 06 ستمبر 2016 (پ ر) امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان نے جامع مسجد قباء فیڈرل بی ایریا بلاک 13 میں جماعت اسلامی زون گلبرگ کے اجتماع کارکنان بسلسلہ چرم قربانی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے خدمت خلق اور سیاسی سرگرمیاں ہمیشہ اور ہر دور میں جاری رکھی ہیں اور ہم جو بھی کام کرتے ہیں اسے دین کا حصہ اور عبادت سمجھ کر کرتے ہیں۔

مہم چرم قربانی ایک اہم اور بڑی مہم ہے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان ہمیشہ کی طرح اس سال بھی اسے بھرپور انداز میں چلائیں، ہماری کامیابی اسی میں ہے کہ ہم خلوص نیت کے ساتھ اور صرف رضائے الٰہی کے حصول کے جذبے کے تحت یہ کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنوں نے ماضی میں سخت مشکل اور کٹھن حالات میں اور دھمکیوں کے باوجود مہم چرم قربانی کا کام خدمت خلق کے جذبے سے اور عبادت سمجھ کر کیا، جماعت اسلامی کے کارکنان عید الاضحی کے تینوں دن اپنی ذاتی مصروفیات ترک کرکے خدمت خلق کا یہ کام کرتے ہیں۔ ہمیں اس سال بھی اس مہم کو بھرپور طریقے سے چلانا ہے اور اس کے لئے شہریوں سے بڑے پیمانے پر رابطہ کرنا ہے۔

الخدمت پر کراچی کے عوام کو اعتماد ہے اور ہمیں اس اعتماد کو اور مستحکم اور مضبوط بنانا ہے۔منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے قیام کا مقصد اللہ کے دین کے نفاذ، دعوت و تبلیغ اور رضا کے سوا کچھ نہیںہماری تمام تر کوششیں چاہیں وہ چرم قربانی کی مہمات ہو یا سیلاب یا زلزلہ زدگان کے لئے کی جانے والی امدادی سرگرمیاں، تمام تر کوششیں محض اللہ کی رضا کے حصول کے لئے ہیں۔ الخدمت دکھی انسانیت کی خدمت عبادت سمجھ کر کرتی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مظلوم اور دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے قربانی کی کھالیں الخدمت کو دیں۔ امیر زون گلبرگ کامران سراج نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ چرم قربانی مہم کو کامیاب بنانے کے لئے گھر گھر جا کر رابطے کریں اور عوام کو جماعت اسلامی کے فلاحی پروجیکٹس اور عوامی خدمات سے آگاہ کریں۔