عوام اقتدار پر قابض کرپٹ ٹولے کی بجائے دیانتدار قیادت کو منتخب کریں۔ مہر بہادر خان

Jhang

Jhang

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) عوام اقتدار پر قابض کرپٹ ٹولے کی بجائے دیانتدار قیادت کو منتخب کریں۔ ان خیالات کا اظہار مہر بہادر خان جھگڑ امیر جماعت اسلامی جھنگ نے ایک کارنر میٹنگ کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایماندار اور دیانتدار قیادت کو منتخب کرکے اسمبلیوں میں بھیجیں تاکہ قومی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو روزگار ، تعلیم ، صحت اور چھت کی سہولت دینا ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے۔

حکمران طبقہ بجٹ کا زیادہ تر حصہ غیرترقیاتی کاموں پر خرچ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت پر پاکستان میں صرف بجٹ کا تین فیصد خرچ کیاجارہا ہے جبکہ حکمرانوں کی سیکورٹی پر سالانہ سات ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ لوگوں نے ریاست، سیاست اور جمہوریت کو یرغمال بنارکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں عادلانہ اور مساوات پر مبنی نظام لانا چاہتی ہے جس میں عام آدمی کو بھی وہی سہولیات حاصل ہوں جو کہ حکمرانوں کے بیٹوں کو حاصل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین یاد رکھیں کہ وہ ریاست کے ملازم ہیں ، کسی فرد کے نہیں ۔ دیانتداری سے اپنے فرائض سرانجام دینے سے ہی ملک ترقی کی راہ پر چل سکتا ہے۔