مہنگائی میں چار اعشاریہ بائیس فیصد اضافہ، متعدد اشیا کی قیمتوں میں کمی

Inflation

Inflation

اسلام آباد (جیوڈیسک) ماہ فروری کے دوران گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) پر مبنی افراط زر میں 4.22 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ جنوری 2017 کے مقابلے میں 0.28 فیصد اضافہ ہوا۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کے چیف شماریات آصف باجوہ نے جمعرات کو میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان بیورو برائے شماریات نے سی پی آئی پر مبنی ماہانہ ریٹیل اور ہول سیل قیمتوں جبکہ ہفتہ وار ایس پی آئی پر مبنی قیمتوں سے متعلق اعداد و شمار جمع کئے ہیں۔

فروری 2017 میں ہول سیل پرائس انڈیکس میں 4.7 فیصد اضافہ ہوا ہے ، جبکہ قیمتوں کے حساس اشاریئے میں 0.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔ نان فوڈ اور نان انرجی اشیا کی کورانفلیشن فروری 2017 میں 5.3 فیصد رہی ، جو فروری 2016 میں اس سے پچھلے سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 4.5 ریکارڈ کی گئی۔

فروری 2017 میں فروری 2016 کے مقابلے میں 10 اہم اشیا چنا 48.66 فیصد، انٹاکس ٹیبلٹ 36.70 فیصد، مٹر 31.50 فیصد، ڈیٹول میڈیم 34.98 فیصد، لہسن 32.70 فیصد، آلو 31.91 فیصد، گوبھی 28.61 فیصد، لیموں 20.87 فیصد اور بیسن 20.08 فیصد مہنگی ریکارڈ کی گئیں۔ 10اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی، پیاز 29.93 فیصد، کھیرا 18.27فیصد، دال ماش 16.96 فیصد، دال مونگ 14.57 فیصد شامل ہیں۔