پرتھ ٹیسٹ: جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو 177 رنز سے شکست دیدی

Perth Test

Perth Test

پرتھ (جیوڈیسک) ویسٹرن آسٹریلیا کرکٹ ایسوسی ایشن گراﺅنڈ پرتھ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقا نے دوسری اننگز 540 رنز 8 کھلاڑی آﺅٹ پر ڈکلیئر کر کے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 538 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں پوری آسٹریلوی ٹیم 361 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ عثمان خواجہ 97 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ پیٹر نیویل نے 60 اور ڈیوڈ وارنر نے 35 رنز بنائے۔

جنوبی افریقی باﺅلر کاگیسو ربادا نے تباہ کن باﺅلنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ اس سے قبل پہلی اننگز میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے 242 رنز بنائے۔ کوانٹم ڈی کاک 84 اور ٹیمبا باووما 51 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

جنوبی افریقا کے 242 رنز کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم 244 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی اور یوں اسے جنوبی افریقہ کے خلاف محض 2 رنز کی برتری ہی حاصل ہو سکی۔ آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ شان مارش نے 63 رنز بنائے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے ویرنون فلینڈر نے متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

جنوبی افریقی بلے باز دوسری اننگز میں سنبھلنے میں کامیاب ہو گئے اور ڈین ایلگر اور جے پی ڈومنی کی سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا کو جیت کیلئے 538 رنز کا ہدف دیا۔ ڈین ایلگر نے 17 چوکوں کی مدد سے 127 رنز بنائے جبکہ جے پی ڈومنی نے 20 چوکوں کی مدد سے 141 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔