مشرف کی بیرون ملک روانگی کیلئے کوئی ڈیل نہیں ہوئی: ترجمان وزیراعظم ہاؤس

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان وزیراعظم ہاؤس نے سابق صدر پرویز مشرف کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا سابق صدر کی بیرون ملک روانگی کیلئے جنرل (ر) راحیل شریف نے کوئی ڈیل نہیں کروائی۔ وزیراعظم نے 2 میجر جنرلز کو بھی برطرف کرنے کا نہیں کہا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا سابق صدر کا بیان بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی ہے۔ واضح رہے گزشتہ روز سابق صدر پرویز مشرف نے دنیا نیوز کے پروگرام آن دی فرنٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے ان کیخلاف خلاف قائم مقدمات کو ختم کرنے کیلئے مدد کی تھی۔

ان کا کہنا تھا میرے خلاف قائم مقدمات کے خاتمے کیلئے پاک فوج حکومت پر اثر انداز ہوئی تھی۔ اپنے انٹرویو میں انہوں نے یہ بھی کہا سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے حکومت سے کہا کہ وہ ججوں پر دباؤ نہ ڈالیں۔

سابق آرمی چیف کی مداخلت پر حکومت نے دباؤ ڈالنا چھوڑ دیا۔ پرویز مشرف نے کہا کہ ان کیخلاف سیاسی مقدمات قائم کئے گئے تھے۔