بوچھال کلاں کی خبریں 13/10/2015

Buchal Kalan

Buchal Kalan

بوچھال کلاں (نا ہ نگار) سانحہ پشاور کے شہداء کی یاد میں ہفتہ تقریبات کے سلسلے میں آج مرید ائیر بیس کے گراؤنڈ پر ضلعی انتظامیہ اور ائیر بیس ٹیموں کے درمیان ایک کرکٹ میچ کھیلا گیا جس میں سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القیوم، ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب مہوش سلطانہ راجہ، ڈی سی او چکوال محمود جاوید بھٹی، ڈی پی او چکوال ڈاکٹر معین مسعود، سکورڈن لیڈر مرید ائیر بیس احمد بلال، ڈی او سپورٹس ملک وقار حسین، اے ڈی سی چکوال، ڈی او سی چکوال، اسسٹنٹ کمشنرز، ٹی ایم او چکوال عظمت قدیر گورایا، تحصیل سپورٹس آفیسر، ہارون عباس جوند کے علاوہ شائقین کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔

ضلعی انتظامیہ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے دس اوورز میں 73 رنز کا ٹارگٹ دیا جس کے مقابلے میں مرید ائیر بیس کی ٹیم 68 رنز بنا سکی۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ضلعی انتظامیہ کی ٹیم 5 رنز سے کامیابی ہوئی۔ بہترین کھلاڑی جہان خان قرار پائے، انہوں نے 4 اوورز میں 8 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ڈی پی او چکوال ڈاکٹر معین مسعود نے مین آف دی میچ، رنر اور ونر ٹیم کو ٹرافیاں دیں جبکہ مرید ائیر بیس کی جانب سے ضلعی انتظامیہ ٹیم کو جیتنے پر سکوارڈن لیڈر احمد بلال نے کیپٹن ڈی او سی نعیم اللہ بھٹی کو ٹرافی دی۔ گذشتہ روز میونسپل سٹیڈیم چکوال میں بھی ایک کبڈی کا میچ گرین اور وائٹ ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ گرین ٹیم نے وائٹ ٹیم سے 20 کے مقابلے میں 30 پوائنٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔ کبڈی میچ کے مہمان خصوصی اے ڈی سی چکوال عاصم جاوید ہاشمی تھے جبکہ ٹی ایم او عظمت قدیر گورایا، ڈی او سپورٹس ملک وقار حسین، تحصیل سپورٹس آفیسر چوہدری وحید احمد کے علاوہ شائقین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کرکٹ میچ اور کبڈی میچ ٹی ایم اے چکوال کے تعاون سے اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چکوال کے زیر نگرانی منعقد ہوئے۔ بعدازاں مہمان خصوصی اے ڈی سی چکوال عاصم جاوید ہاشمی نے رنر اور ونر کبڈی ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بوچھال کلاں (نامہ نگار) ڈی سی او چکوال محمود جاوید بھٹی نے کہا ہے کہ چکوال ایک پُرفضا، امن پسند اور تاریخی ضلع ہے۔ اس وقت ضلع ترقی کی طرف بھرپور گامزن ہے۔ حکومت پنجاب اربوں روپے کی سرمایہ کاری سے سالٹ رینج میں قائم ہونے والے 300 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے والے تھرمل پاور اسٹیشن کے لئے مختص کئے ہیں جو چینی انجینئرز کی نگرانی میں لگائے جائیں گے جبکہ نیلہ کے مقام پر ایک مزید انٹرچینج قائم کیا جا رہا ہے اس طرح ضلع چکوال میں انٹرچینج کی تعداد 3 ہو جائے گی۔

ضلع چکوال میں کئی ایک سمال ڈیمز بنائے گئے ہیں جس سے زراعت کی ترقی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں مزید بہتری آئے گی۔ وہ مینجمنٹ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب لاہور سے ٹریننگ حاصل کرنے والے گریڈ 18 سے 19 میں ترقی پانے والے 40 افسران کے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے جن کے اعزاز میں ضلعی انتظامیہ چکوال نے آج کلرکہار ریسٹ ہاؤس میں استقبالیہ دیا۔ اس موقع پر ڈی پی او چکوال ڈاکٹر معین مسعود، اے ڈی سی چکوال، ڈی او سی چکوال، اسسٹنٹ کمشنرز بھی موجود تھے۔

ڈی سی او چکوال نے مزید کہا کہ ضلع چکوال میں کئی ایک ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں جن میں تعلیمی اداروں کی بہتری، ہسپتالوں میں طبی ساز و سامان اور علاج معالجے کی سہولتوں کی فراہمی، سمال ڈیمز کی تعمیر، سڑکوں کی تعمیر و بحالی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی جیسے منصوبوں سے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع چکوال کے لوگ امن پسند، اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ڈسپلن کے پابند ہیں۔ اس موقع پر ڈی پی او چکوال ڈاکٹر معین مسعود نے کہا کہ ضلع چکوال میں امن و امان کی صورت حال انتہائی تسلی بخش ہے اور یہاں کے عوام اور علمائے کرام کا تعاون پولیس و انتظامیہ کے ساتھ نہایت شاندار ہے جس کی بدولت قومی ایکشن پلان پر بھرپور طریقے سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔