پشاور : اوورٹیکنگ کا تنازعہ، کار سوار نے موٹر سائیکل سوار پر اسلحہ نکال لیا

Peshawar Fight

Peshawar Fight

پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں صدر کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار کے اوورٹیک کرنے پر کار سوار کم سن ڈرائیور اور اس کا ساتھی غصے میں آگیا اور موٹر سائیکل سوار پر فائرنگ کر دی ، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر کے علاقے میں سرکاری نمبر پلیٹ لگی گاڑی B5258 سڑک سے گزر رہی تھی کہ اسی دوران ایک موٹر سائیکل سوار نے اس سے آگے نکلنے کی کوشش کی جس پر گاڑی میں سوار دونوں افراد کی موٹر سائیکل سواروں سے تلخ کلامی ہوگئی۔

تو تو میں میں کے بعد کار میں سوار لڑکے اور اس کے باپ نے موٹر سائیکل سوار پر اسلحہ تان لیا اور موٹر سائیکل سوار کو تشدد کا نشانہ بنایا ، اس دوران کار سوار افراد نے دو فائر بھی کئے مگر کوئی زخمی نہیں ہوا۔

بعد ازاں کار سوار دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے ۔ موٹر سائیکل سوار نے کار سواروں کے خلاف جان سے مار دینے کی دھمکیاں دینے پر اندراج مقدمہ کی درخواست دے دی ہے ۔ دوسری جانب ایس پی کینٹ کاشف ذوالفقار کا کہنا ہے کہ گاڑی کی نمبر پلیٹ جعلی تھی۔

بہرحال گاڑی کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے اس کے رجسٹریشن نمبر کا پتہ لگا لیا گیا ہے اور جلد اس کے مالک کا پتہ لگا لیا جائے گا ۔ ملزموں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور جلد ان کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔