پشاور زلمی نے روٹھے کپتان شاہد آفریدی کو منالیا

 Shahid Afridi,

Shahid Afridi,

لاہور (جیوڈیسک) پشاورزلمی نے روٹھے شاہد آفریدی کو منالیا ہے جس کے بعد پی ایس ایل فرنچائز کو چھوڑنے کا عندیہ دینے والے آل راؤنڈر نے ’’سب ٹھیک ہے ‘‘کا اعلان کر دیا۔

شاہد آفریدی نے پاکستان سپر لیگ کے اولین ایڈیشن میں پشاور زلمی کی قیادت کے فرائض نبھائے تھے،مگر بعدازاں ان کے ٹیم اونر جاوید آفریدی سے تعلقات میں دراڑ آ گئی،اسی لیے وہ اگلا سیزن کسی اور فرنچائز کیلیے کھیلنا چاہتے تھے، گذشتہ روز ایک آسٹریلوی ویب سائٹ کو انٹرویو میں بھی آل راؤنڈرکا کہنا تھا کہ میں ایک پروفیشنل کرکٹر ہوں، جو فرنچائز بھی میری خدمات حاصل کرنا چاہے دستیاب ہوں، صرف پشاور زلمی کا پابند نہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ میری موجودہ ٹیم پشاور زلمی ہے لیکن اس تعلق کو آگے بڑھانے کیلیے مجھے جاوید آفریدی کے ساتھ کچھ معاملات طے کرنا ہیں۔ فرنچائز بنانے کا مقصد صرف پاکستان سپر لیگ کھیلنا نہیں بلکہ کرکٹ کے ڈھانچے میں بہتری لانا بھی تھا، زلمی کے منتظمین کو کریڈٹ دیتا ہوں کہ انھوں نے کھیل کے فروغ کیلیے پشاور اور خیبر پختونخواکے دیگر مقامات پر ٹورنامنٹس اور کیمپس کا اہتمام کیا تاہم کچھ مسائل حل طلب ہیں۔

بعد ازاں شاہد آفریدی کے تیور دیکھتے ہوئے پشاور زلمی نے انھیں منا لیا اور معاملات طے ہونے لگے، رات گئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں آل راؤنڈر نے صلح صفائی کا پیغام دیدیا، ان کا کہنا تھا کہ فرنچائز کا ماحول قابل تحسین ہے جس کو میڈیا کو بھی سراہنا چاہیے، میں پشاور زلمی کا حصہ ہونے پر فخر محسوس کرتا ہوں۔