پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کے فوائد سے عام آدمی محروم ہے، مفتی محمد نعیم

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی: جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم شیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باوجود عوام کو ریلیف نہیں دی گئی، فوائد سے عام آدمی محروم ہے،ایک طرف ٹرانسپورٹرزکی جانب سے وہی پرانے کرایے مقرر ہیں، پیٹرول کے فی لیٹرمتعدد بار کمی گئی ہے جبکہ کرایوں میں صرف 1 روپے کی کمی کرکے عوام کو دھوکہ دیا جا رہا ہے۔

تو دوسری جانب اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں نہ ہی کمی کی گئی ہے اور نہ ہی ناجائز منافع خوروں کو لگام دی جارہی ہے ، حکومتی نگرانی اور کنٹرول نہ ہونے کے باعث مارکیٹ میں اشیاء من مانی قیمتوں پر فروخت ہورہی ہیں۔ جمعرات کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمد نعیم نے کہاکہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات حکومت کو جتنی کمی کرنی تھی نہیں کی گئی عالمی منڈی کی قیمتوں میں کمی کے مطابق فی لیٹر 30 روپے کمی کرنی چاہیے۔

حکومت نے ایسا نہیں کیا بلکہ تھوڑی سی کمی کرکے عوام کا دل بہلانے کی کوشش کی انہوں نے کہاکہ جب پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ ہوتاہے تو اس کے اثرات تمام اشیاء ضرورت پر پڑھتے ہیں مگر کمی کی صورت میں عوام کو قیمتوں میں کمی کے فوائد سے محروم رکھاہواہے ، انہوں نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ دیگر اشیاء باالخصوص اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں کمی نہ کرنا عوام کے حقوق پر ڈاکہ کے مترادف ہے۔

حکومت ایسے اقدام کرے کہ مصنوعات کی قیمتوں کی کمی کے فوائد عام آدمی تک پہنچ جائیں انہوں نے کہاکہ پرائس لسٹ جاری کی جائے اور اس پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے۔ مفتی محمد نعیم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹرانسپوٹیشن کے کرایوں میں مزید کمی کی جائے اور من مانے کرایہ لینے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کاروائی کی جائے۔