پیٹرولیم مصنوعات کے بعد اب بجلی کی قیمتوں میں کمی کے بعد مہنگائی کا زور ٹوٹ جائے گا

Hafiz Tahir Jameel

Hafiz Tahir Jameel

فیصل آباد : مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما اور انجمن تاجران منٹگمری بازار کے صدر حافظ طاہر جمیل میاں نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کے بعد اب بجلی کی قیمتوں میں کمی کے بعد مہنگائی کا زور ٹوٹ جائے گا اور متوسط طبقہ کی زندگی آسان ہو جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ آج تک کسی بھی حکومت نے ایسی چیز جس کا ریٹ ایک بار بڑھ گیا ہو اس میں کمی نہیں کی اور وہ ریٹ فکس ہو جاتا تھا مگر تاریخ میں پہلی مرتبہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے یہ انقلابی قدم اٹھا کر ایک نئی روایت ڈالی اور پٹرول ڈیزل کی قیمت کو 50 روپے لیٹر تک کم کیا۔

جبکہ 11 روپے سے زائد فی یونٹ بجلی کی قیمت گرائی۔ اتنی عوام دوست حکومت آج تک برسراقتدار کوئی آئی ہے نہ آئندہ آئے گی۔ بلاشبہ حکومتی اقدامات سے دھرنا گروپ اور ٹانگیں کھینچنے والوں کو بہت تکلیف پہنچی ہے مگر وزیراعظم میاں نواز شریف اور خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو کسی کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔

عوامی خدمت کا جو مشن اور سفر شروع ہو رہے یہ اب رکے گا نہیں۔ آنے والے دنوں میں حکومت عوام کو بہت بڑی بڑی خوشخبریاں دینے والی ہے جس کے بعد عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا۔ ایک تازہ ترین سروے کے مطابق حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں پاکستان کے اندر غربت کی شرح میں 9 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ انشاء اﷲ 2018ء کے آخر تک یہ شرح 15 سے 20 فیصد تک ہو جائے گی جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کو اگر کوئی بھلانا نہیں چاہے گا تو وہ بھلا نہیں سکے گا۔