فرعون کے نقاب کی داڑھی جوڑنے میں لاپرواہی، 8 ملازمین کیخلاف مقدمہ

Pharaoh

Pharaoh

قاہرہ (جیوڈیسک) عجائب گھر کے حکام نے تقریباً ایک برس قبل قبول کیا تھا کہ طوطن خامن کے سنہرے نقاب کا داڑھی والا حصہ گلو کی مدد سے جوڑا گیا تھا۔ ملزمان پر لاپرواہی برتنے اور پیشہ وارانہ معیار کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ ان میں عجائب گھر کے ایک سابق ڈائریکٹر اور شعبہ بحالی کے سابق ڈائریکٹر بھی شامل ہیں۔

استغاثہ کا کہنا ہے کہ عجائب گھر کے ملازمین نے اپنی غلطی چھپانے کے لیے لاپرواہی سے کام کیا اور بڑی مقدار میں گلو لگا کہ اسے جوڑنے کی کوشش کی۔ استغاثہ نے یہ بھی بتایا کہ داڑھی جوڑنے کی چار کوششیں کی گئی اور تین مرتبہ ناکامی کے ثبوت مٹانے کی کوشش بھی کی گئی۔

طوطن خامن کے نقاب کی داڑھی ٹوٹنے کی بات اس وقت سامنے آئی تھی جب انٹرنیٹ پر لگائی گئی اس نقاب کی تصاویر میں ٹھوڑی کے گرد چپکانے والے مادے کی لکیر دیکھی گئی تھی۔ تین ہزار برس قدیم یہ نقاب قاہرہ کے عجائب گھر کی مقبول ترین اشیا میں سے ہے اور ہر سال اسے دیکھنے کے لیے ہزاروں سیاح آتے ہیں۔

قاہرہ کے عجائب گھر کا افتتاح 1902ء میں ہوا تھا اور اس میں تقریباً ایک لاکھ 60 ہزار قدیم قیمتی نوادرات موجود ہیں۔