پی آئی اے نجکاری: باکمال ملازمین کا شہر شہر لاجواب احتجاج، دفاتر بند

Protest

Protest

لاہور (جیوڈیسک) پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کے خلاف پی آئی اے کا اسٹاف ڈٹ گیا ۔ کراچی، اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد سمیت مختلف شہروں میں ملازمین کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری رہا۔ شہر قائد میں پی آئی اے ہیڈ آفس سمیت تمام بکنگ آفسز اور انتظامی دفاتر میں تالہ بکنگ کے لئےآنے والوں کا منہ چڑاتا رہا۔

پی آئی اے ہیڈ آفس کے باہر ملازمین کے دما دم مست قلندر نے مظاہرے کو رنگین بنا دیا۔ باکمال ملازمین نے لاجواب ڈانس کا مظاہرہ کیا اور ساتھیوں سے بھی داد وصول کی۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کو کسی قیمت پر فروخت نہیں ہونے دیں گے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی پی آئی اے کے اسٹاف نے دفاتر کی جزوی تالہ بندی کی اور پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف نعرے لگائے۔ لاہور میں بھی پی آئی اے ملازمین نے مجوزہ نجکاری کے خلاف متعدد دفاتر بند رکھے۔ فیصل آباد اور کوئٹہ میں بھی ملازمین نے کام چھوڑ ہڑتال کی۔ دفاتر بند ہونے سے ٹکٹوں کی بکنگ، کارگو اور کوریئر سروس بند ہے۔