پی آئی اے کی نجکاری کا معاملہ، حکومت نے نگران کمیٹی کی پیشکش کر دی

PIA

PIA

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی ایئر لائن کی نجکاری اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس بلانے کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن میں مذاکرات ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آئندہ ہفتے بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے اسپیکر سردار ایاز صادق نے خورشید شاہ کو پی آئی اے ملازمین کی ملازمتوں کے تحفظ کیلئے نگران کمیٹی بنانے کی پیشکش کی اور کمیٹی کیلئے اپوزیشن اراکین کے نام مانگ لئے ہیں۔ حکومت نے اپوزیشن کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری نہیں صرف 26 فیصد حصص فروخت کیے جائیں گے۔

شیئرز خریدنے والی کمپنی پی آئی اے کے بیڑے میں نئے طیارے شامل کرے گی اور کسی ملازم کو نوکری سے فارغ نہیں کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ حکومتی پیشکش پر جلد اپوزیشن اراکین سے مشاورت کریں گے۔