عازمین حج اور عمرہ کے حقوق کے تحفظ کیلئے نئے قواعد و ضوابط جاری

Khana Kaba

Khana Kaba

ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب نے عازمین حج اور عمرہ کے حقوق کے تحفظ کیلئے نئے قواعد و ضوابط جاری کردیئے ہیں۔ سعودی عرب کی وزارت حج اور عمرہ کی ویب سائٹ پر جاری کردہ دستاویز کے مطابق نگران کمیٹیوں اور مواصلاتی مراکز کے ذریعے ہر طرح کی شکایات وصول کی جائیں گی اور اس طرح عازمین حج اور عمرہ کے حقوق کا تحفظ کیا جائیگا۔

وزارت غیرملکی عازمین حج اور عمرہ کو مہیا کی جانیوالی رہائش ،خوراک اور ٹرانسپورٹ کی خدمات کی نگرانی کرکے انکے حقوق کے تحفظ کو بھی یقینی بناتی ہے ۔اس ضمن میں معاہدوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جاتا ہے اور حجاج یا عازمین عمرہ کی جانب سے موصول ہونیوالی شکایات کو ایک خصوصی کمیٹی کو بھیجا جاتا ہے جو خلاف ورزی کے مرتکب افراد کیلئے سزا کا فیصلہ کرتی ہے۔

اگر کوئی حج سروس کمپنی غیر معیاری خدمات مہیا کرتی ہے تو اسکو جرمانہ کیا جائیگا،ایک سیزن یا اس سے زیادہ عرصہ کیلئے اس کو کام سے روک دیا جائیگا یا اس کا لائسنس ہی منسوخ کردیا جائیگا۔ عازمین حج اور عمرہ کو خدمات مہیا کرنیوالی کمپنیوں سے مالی ضمانت لی جائیگی کہ وہ اپنے معاہدوں کی پاسداری کریں گی۔

وزارت عازمین حج اور عمرہ کو مہیا کی جانیوالی خدمات کی خود نگرانی کرے گی اور تمام مقدس مقامات میں مہیا کی جانیوالی رہائش ،ٹرانسپورٹ ،خوراک اور دیگر سہولتوں سے متعلق رپورٹس کا جائزہ لے گی۔اگر عازمین کے سفری ٹکٹ گم ہو جاتے ہیں تو ا ن کیلئے متبادل ٹکٹ کا بندوبست بھی کرے گی۔