وفا و قضا

Wafa o Qaza

Wafa o Qaza

وفا نے پھر سجائی آکے محفل خانہ ٔدل میں قضا بھی آگھسی بے اِذن اس زرتار محمل میں
وفا بولی اری تو کون ہے کیا نام ہے تیرا ہماری خلوت ِصدراز میں کیا کام ہے تیرا
بظاہر تم ہمیں غم آشنا معلوم ہوتی ہو مگر پھر بھی ذرا کچھ پرجفا معلوم ہوتی ہو
کھڑی خاموش ہم کو گھورتی ہے سن وفا ہوں میں جواب آیا مجھے معلوم ہے تو سن قضا ہوں میں
تجھے اِک اور غم سہنے کی زحمت دینے آئی ہوں ہمیشہ کی طرح اِک داغ ِحسرت دینے آئی ہوں
وفا بولی بہت بہتر مگر بے وقت آئی ہو قضا بولی تقاضا ہے یہی تجھ سے جدائی ہو
وفا بولی قیامت تک نہ ہم اِن سے جدا ہوں گے قضا بولی ابھی دیکھو گی ہم سے آشنا ہوں گے
وفا بولی میری روزِازل سے ہے شناسائی قضابولی کہ ہوگی اب میری امید برّائی
وفا بولی جو میرا ہے تمہارا ہو نہیں سکتا قضا بولی اب اپنا بھی گزارا ہو نہیں سکتا
وفا بولی ارے الفت کا بندھن توڑ دوں کیسے ؟ قضا بولی بھلا میں اِن کا دامن چھوڑ دوں کیسے
وفا بولی خیام ِشاہ تک ہر حال جائیں گے قضا بولی مگر ہر گام حائل مجھ کو پائیں گے
وفا بولی اری گستاخ! تجھ میں اتنی جرأت ہے قضا بولی نہیں جرأت نہیں یہ امر ِقدرت ہے
وفا بولی خدارا!اِن کو میرے ساتھ جینے دے قضا بولی وفا یہ ہے رضا کا جام پینے دے
وفا بولی حرم کے پاسبان ِآخری یہ ہیں قضا بولی مگر جنت میں مطلوب ِنبی ۖیہ ہیں
وفا بولی کہ اِن کے بعد گھر والوں کا کیا ہوگا قضا بولی کہ جب ہم سب نہیں ہوں گے خدا ہوگا
وفا بولی میں کیسے منہ دکھائوں گی سکینہ کو قضا بولی میں سب کہہ دوں گی خود شاہ ِمدینہ کو
وفا بولی ولی کی کمر ہمت ٹوٹ جائے گی قضا بولی نہیں !دوزخ سے امت چھوٹ جائے گی
وفا بولی کہ جنت اِن جفاکاروں کی خاطر ہے قضا بولی نہیں نادم گنہ گاروں کی خاطر ہے
وفا بولی کہ اچھا چل مگر میں اُن پہ مرتی ہوں تو اپنا کام کرجاکرمیں اپنا کام کرتی ہوں
پر اتنا یاد رکھنا ہم کسی سے ڈر نہیں سکتے وفا والوں کو دنیا لاکھ مارے مر نہیں سکتے
قیامت تک رہے گا نام زندہ میرے دلبر کا زمانہ حشر تک شیدا رہے گا ابن ِحیدر کا
حیات ِجاوداں مجھ کو ملی عباس کے دم سے یہ مشعل حشر تک روشن رہے گی سوزش ِغم سے
ہر اِک دِل میں گڑے گا اس جواں کی بات کا پرچم وفا والے سنبھالیں گے بریدہ ہاتھ کا پرچم

Nadim Sabri

Nadim Sabri

شاعر: حریت حضرت گلزار احمد نادمصابری نور اللہ مرقدہ