پولیو کے خاتمے کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار قومی فریضہ سمجھ کر ادا کرنا ہو گا، ڈی سی او محمد شاہد

Polio Meeting

Polio Meeting

قصور (محمد عمران سلفی سے) فڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسر قصور محمد شاہد نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمے کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار قومی فریضہ سمجھ کر ادا کرنا ہوگا،والدین بچوں کو معذوری سے بچانے کیلئے پولیو ویکسئین کے قطرے ہر صورت پلوائیں۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ رو ز ڈی سی او کمیٹی روم میں تین روز انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔اجلاس میں ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد خالد ، ڈی ایس پی سٹی محمد سلیم ،ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر آئی آر ایم این سی ایچ اینڈ نیو ٹریشن پروگرام ڈاکٹر ثمرہ خرم ، ڈبلیو ایچ کے نمائندے ڈاکٹر فاتح عظمت اللہ ، ڈی او سوشل ویلفیئر عباد علی جتالہ ، ڈی او سول ڈیفنس مسز نگہت ریاض ، ڈی ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر رضوان صادق ، ڈسٹرکٹ اینٹا مالوجسٹ محمدخرم ابراہیم ، ڈسٹرکٹ سپورٹس منیجر پی آر ایس پی محمد اقبال ، ڈی ڈی ایچ اوز، محکمہ ایجو کیشن ، مذہبی رہنمااور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔

اس موقع پر ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد خالد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع قصور میں تین روزہ پولیو مہم 11تا 13جنوری 2016ء تک منعقد ہو رہی ہے۔ اس مہم کے دوران ضلع میں پانچ سال سے کم عمر 5لاکھ 42ہزار 736بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے جس کیلئے مجموعی طور پر 1297ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں ۔اس موقع پر ڈی سی او محمد شاہد نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس مہم کو ثواب کی نیت کے طور پر کامیاب بنانے کیلئے کردار ادا کریں اور ضلع میں کوئی بھی بچہ قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔

انہوں نے پولیس کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ایک ڈیوٹی پلان بنائیں اوراہلکاروں کی ڈیوٹیز لگائی جائے کہ محکمہ صحت کی پولیو ٹیموں کیساتھ ملکر اڈا جات اور دیگر پوائنٹس پر کوئی بچہ قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔ ڈی سی او نے ای ڈی او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ وہ پولیو مہم کے دوران اگر کہیں کوئی مسئلہ درپیش آتا ہے تو انہیں آگاہ کریں تا کہ اسے فوری طور حل کیا جاسکے۔